سدرشن چینل ‏کے ‏خلاف مالیگاؤں کل ‏جماعتی ‏تنظیم نے مقدمہ، ‏درج ‏کرایا

 اپنے فرقہ پرست اور زہریلے بیانات نیز خبروں کے لئے مشہور سدرشن نیوز چینل نے گذشتہ دنوں ملک کی دوسری سب سے بڑی اکثریت مسلمانوں کی مقابلہ جاتی امتحانات خصوصاً آئی اے ایس ، آئی پی ایس میں کامیابی کے خلاف زہر اگلتے ہوئے اسے ملک کے اعلیٰ عہدوں پر ملسمانوں کی تقرری کے خلاف جہاد سے تعبیر کیا تھا اور اسے نشر کرنے کا بھی اعلان کیا ، لیکن ملک بھر کی ملی تنظیموں اور اکابرعلمائے کرام کے ذریعے اس پر شدید احتجاج کے بعد حکومت بیدار ہوئی اور ہائی کورٹ نے اس  طرح کی نشریات پر پابندی عائد کی ، کئی شہروں میں سدرشن چینل کے سریش چوہانکے جو سدرشن چینل کا چیئرمن بھی ہے اس کے خلاف پولس میں شکایات درج کروائی گئی ۔
 وہیں مقامی سطح پر کل جماعتی تنظیم کے  غور و خوض کے بعد تین صفحات پر مشتمل ایک تحریری شکایت پولس کنٹرول روم میں واقع سٹی پولس اسٹیشن میں درج کروائی گئی ہے ۔ یہ شکایت کل جماعتی تنظیم کی جانب سے بزرگ عالم دین مولانا عبد الحمید ازہری ، اکبر سیٹھ اشرفی ، مولانا شکیل احمد فیضی ، مولانا فیروز اعظمی ، حاجی یوسف الیاس ، مولانا اشفاق محمد ، مولانا عبد القیوم قاسمی ، اطہر حسین اشرفی ، فضل الرحمن وغیرہ کے ذریعے کروائی گئی ہے ۔
علمائے کرام نے آج سٹی پولس اسٹیشن پہنچ کر سٹی پولس اسٹیشن کے پولس انسپکٹر کو اپنا مکتوب پیش کیا ، اور موقع پر مذکورہ افراد کے علاوہ مولانا سراج احمد قاسمی ، شفیق فلاحی عارف نوری، قاری طفیل ، مولانا سفیان جمالی ، صوفی انیس قادری ، عبد العظیم فلاحی ، مولانا جمال ناصر ، ڈاکٹر اخلاق سمیت کل جماعتی تنظیم سے جڑے دیگر افراد موجود رہے ۔

ليست هناك تعليقات: