صوبائی جمعیت کے امیرڈاکٹرسعیداحمدفیضی حفظہ اللہ کااظہارتشکراورپیغام



      
   مالیگاوں (پریس نوٹ) صوبائی جمعیت اہل حدیث مہاراشٹر کے امیر اور مالیگاؤں شہر کے مشہور و معروف سرجن ڈاکٹر سعید احمد فیضی صاحب جو گذشتہ کئی دنوں سے سخت علیل تھے. اللہ کے فضل اور لوگوں کی دعاؤں سے شفاء یابی ملنےپر آج انہوں نے ایک پریس نوٹ کے ذریعے کہا کہ میں تمام محبان وخیرخواہان کا شکرگزار ہوں کہ جن کی دعاؤں کو اللہ رب العالمین الرحم الراحمین نے شرف قبولیت بخشااور اپنے فضل وکرم سے کورونا کے شدید حملے اور جان لیوا بیماری سے مجھے شفاء عطافرمائی ۔  میرے پاس الفاظ نہیں ہیں کہ میں کس طرح ان تمام حضرات(بشمول ڈاکٹر سعود انصاری اور دیگر ڈاکٹر وجملہ نور اسٹاف) کا شکریہ ادا کروں اور ان لوگوں کا جنہوں نے بلاتفریق مسلک ومذہب اس خطاکار گنہگار کی صحت وعافیت کےلئے آنسوؤں سے لبریز آنکھوں اور دل کی گہرائیوں سے دعائیں کیں۔ اللہ تعالی ان تمام لوگوں کی ہر طرح کی آفت وبیماری سے حفاظت فرمائےاور ان لوگوں کے تمام دینی ودنیاوی معاملات میں خیروبرکت
عطافرمائے ۔آمین ان تمام لوگوں کابھی بہت بہت شکریہ کہ جنہوں نے شخصی طور پربھی اور فون پر میری عیادت کی اور میری ہمت بڑھائی ۔ اسی طرح رشتہ دار اور متعلقین کے علاوہ مختلف شعبہ جات سے متعلقہ افراد نیز سیاسی سماجی اور دینی جمعیات کے ذمہ داران ،علماءکرام وائمہ مساجد اور جامعہ محمدیہ منصورہ کے علماءکرام کا بھی جنہوں نے میرے لئے خصوصی دعاؤں کا اعلان واہتمام کیا۔دعاہےکہ اللہ تعالی اس وبائی مرض سے دنیا کونجات عطا فرمائے۔ آمین
 لاک ڈاؤن کے دوران مقامی جمعیت اہل حدیث مالیگاؤں ، اہل حدیث منزل گولڈن نگرسے بہت سے اراکین نے رمضان المبارک کے مہینے میں روزےکی حالت میں راشن کٹس کی تیاری اور اس کی بلا تفریق مسلک ومذہب تقسیم میں دن رات ایک کرکے انسانیت کا فریضہ انجام دیا۔ میں ان کا بھی بہت بہت شکریہ ادا کرتا ہوں ۔ اور خاص طور سےناظم دفترحافظ اشفاق محمدی حفظہ اللہ اور جناب شاھد انور فیضی گروپ کا۔اللہ تعالی سے دعا ہےکہ وہ ان لوگوں کی کوششوں کو قبول فرمائے۔اور اسی طرح صوبائی جمعیت اہل حدیث مہاراشٹر کی دیگر اکائیوں نے اپنے طور پر اور صوبائی جمعیت کے تعاون سے جو کار خیر انجام دیاوہ بھی قابل ذکروستائش ہے بڑی ناانصافی ہو گی اگر اپنے عطیات سے جمعیت کے کام کو تقویت دینے والوں کا شکریہ ادا نہ کیا جائے ۔اللہ تعالی ان کے تمام صدقات میں برکت عطا فرمائےاور آخرت میں تمام ہی لوگوں کو اجر جزیل عطافرمائے۔آمین  اسی طرح ہم مدیر جامعہ محمدیہ منصورہ جناب شیخ ارشد مختار حفظہ اللہ  کے شکر گذار ہیں کہ جنہوں نے راشن کٹ
 اور عیدا لفطر کے موقع پر فطرہ کی تقسیم میں جمعیت پر اعتماد کیا اور امر بالمعروف کا فریضہ ادا کرنے کا موقع عطافرما یا۔  وبائی مرض کورونا میں قوت مدافعت بڑھانے میں منصورہ کاڑھا کی افادیت بھی مسلم رہی اور نہ صرف ہندوستان بلکہ بیرون ہند بھی اس کاشہرہ رہا۔ہم جناب شیخ ارشد مختار صاحب کے مشکورہیں کہ اس کی تقسیم وترسیل میں صوبائی جمعیت اہل حدیث مہاراشٹر کو ترجیحی بنیاد پر ذمہ داری عطاکی۔ اللہ تعالی منصورہ کی خدمات کو قبول فرمائے اور اسے نظر بد سے بچائےاور جامعہ علمی ورفاہی کاموں کو عروج وبرکت عطافرمائے۔آمین 
 اس موقع پر یہ ضروری ہے کہ ہم ان جید علمائےکرام کو یاد کریں کہ جو اس وبائی بیماری یاپھر دوسری وجہوں سے ہم سے جدا ہوگئےاور اس تحریک منہج سلف میں ایک خلا ء چھوڑ دیا۔ ان میں مولانا فضل الرحمن محمدی  (ناظم اعلٰی صوبائی جمعیت اہل حدیث مہاراشٹر)،ڈاکٹر محمد لقمان سلفی، مولانا محمد مقیم فیضی  ،مولانا محمد اسلم جامعی، حافظ صلاح الدین یوسف  ( احسن البیان  والے)مولانا یوسف جمیل جامعیؒ ،ڈاکٹرضیاءالرحمن اعظمی اور دیگر علمائے کرام، جن کی جگہ پُر ہونا مشکل ہے ۔
 اللہ تعالی سے امیداوردعا ہیکہ وہ ہمیں ان کا نعم البدل عطافرمائے آمین اور ان مرحومین کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطافرمائے۔آمین  آخر میں صوبائی جمعیت اہل حدیث مہاراشٹر کی تمام اکائیوں سے عرض کروں گا کہ جمعیت کے مسائل ومعاملات کےسلسلے میں نائب امیر صوبائی جمعیت اہل حدیث مہاراشٹر مولانا شکیل احمد فیضی. 9370725858اور ناظم دفتر حافظ اشفاق محمدی صاحبان سے رابطے میں رہیں اور اتحاد واتفاق سے منہج سلف کو آگے بڑھا نے میں اپنی قوتوں کو صرف کریں ۔
اللہ تعالی ہمارا حامی و ناصر ہو ۔آمین

ليست هناك تعليقات: