مفتیِ اعظم مہاراشٹر ،علامہ مفتی محمد مجیب اشرف صاحب قبلہ اس دارِ فانی سے رخصت ہوئے.







*ملک و بیرون ملک آپ کے معتقدین، مریدین و متوَسلین کے تعزیتی پیغامات کا سلسلہ جاری، تدفین ناگپور میں ہی ہوگی.*

ناگپور: (6/ اگست 2020 / رضوی سلیم شہزاد کے ذریعہ) مہاراشٹر کی دوسری راجدھانی ناگپور سے ملنے والی اطلاع کے مطابق اہلسنت و جماعت کی قدآور شخصیت، قائدِ اہلسنت، پیرِ طریقت، رہبرِ شریعت، مفتیِ اعظم مہاراشٹر،
علامہ مفتی محمد مجیب اشرف صاحب قبلہ (خلیفہء حضور مفتیِ اعظم علیہ الرحمۃ والرضوان) قضائے الہی سے رحلت فرما گئے.. انا للہ وانا الیہ راجعون.
ناگپور سے ڈاکٹر غلام مرسلین اور تنویر اشرف رضوی سے ملی اطلاع کے مطابق مفتیِ اعظم مہاراشٹر مفتی محمد مجیب اشرف صاحب قبلہ گذشتہ کئی ہفتوں سے بسترِ علالت پر تھے. طویل عمری کے سبب نقاہت اور کمزوری غالب تھی جس کی وجہ سے جولائی کے وسط میں ناگپور شہر کے ایک بڑے اسپتال میں ایڈمٹ رہے اور قریب دو ہفتوں کے علاج و معالجہ کے بعد وکارڈ اسپتال کے ڈاکٹرس نے آپ کی صحتیابی کے مدنظر اسپتال سے رخصت دے دی. مفتیِ اعظم مہاراشٹر ،علامہ مفتی محمد مجیب اشرف صاحب قبلہ کے اسپتال سے گھر تشریف لانے کے بعد مسلسل علماء کرام، ائمہ مساجد، مریدین، محبین و معتقدین، اہل ارادت و عقیدت کے فون تسلسل سے آپ کے اہل خانہ کو آتے رہے. جس کے سبب انہیں اعلان کرنا پڑا کہ ریاست و ملک میں جاری کرونا وباء کی تکلیف، احتیاطی تدابیر پر عمل پیرا ہونے کی حکومتی سختی کے مدنظر لوگ اپنے اپنے گھروں پر رہتے ہوئے حضرت کے لئے دعائے خیر و عافیت کریں اور عیادت و مزاج پُرسی کے لئے ناگپور آنے سے پرہیز کریں. اسی سبب سے وقفے وقفے مفتیِ اعظم مہاراشٹر، مفتی محمد مجیب اشرف صاحب قبلہ کی آڈیو ریکارڈنگ آپ کے خادمِ خاص، ناظم تعلیمات دارالعلوم امام احمد رضا نوساری،مولانا غلام مصطفی نعیمی کے ذریعہ سوشل میڈیا پر شیئر کی جاتی رہی تاکہ ریاست سمیت ملک و بیرون ملک آپ کے عقیدت مندوں کو اطمینان و سکون حاصل ہو. غالباً آخری آڈیو پیغام میں حضرت مفتی محمد مجیب اشرف صاحب قبلہ نے اپنے تمام متعلقین مریدین و محبین سے اپنے گھروں پر رہتے ہوئے دعائے خیر کی گزارش کی اور اہل خانہ سمیت ہر عقیدت کیش کو نصیحت فرمائی کہ مسلک اعلیٰ حضرت، اہلسنت و جماعت پر سختی سے عمل پیرا ہوں.
اطلاعات کے مطابق 6 اگست کو صبح 10 بجکر 35 منٹ پر آپ نے طویل علالت کے بعد داعیِ اجل کو لبیک کہا اور اپنے اہل خانہ کے ساتھ ملک و بیرون ملک اپنے لاکھوں مریدین نیز عقیدت مندوں کو سوگوار کرگئے. اللہ عزوجل کی بارگاہ میں دعا ہے کہ مولی تعالی آپ کے درجات کو بلند تر فرمائے، آپ کا فیضِ روحانی اہلسنت و جماعت پر ہمیشہ جاری و ساری رکھے، آپ کے پسماندگان و عقیدت مندان کو صبر جمیل عطا فرمائے اور اہلسنت و جماعت کو آپ کا نعم البدل عطا فرمائے آمین بجاہ النبی الامین الکریم صلی اللہ علیہ وسلم
_______________________________
RAZA ACADEMY

ليست هناك تعليقات: