وسیم رضوی بی جے پی کا چھوڑا ہوا نیا شوشہ
سرکار اپنی ناکامی چھپانے کیلئے کون کون سی چیزوں کا سہارا لے گی
وسیم رضوی کے خلاف بیان بازی کرکے مسلم اکابرین اِس نکمے کو شہرت بخش رہے ہیں
از: طہٰ کارواں: 9226931304
گزشتہ ہفتہ وسیم رضوی نامی نامعقول شخص نے مسلمانوں کی مقدس کتاب قرآن شریف سے کچھ آیتوں کو حذف کرنے کیلئے ہائی کورٹ میں اپیل کی ہے۔ وسیم رضوی کی اس احمقانہ حرکت سے ہندوستانی مسلمانوں کے ساتھ ساتھ دنیا بھر کے مسلمانوں کے دلوں میں ٹھیس پہنچی ہے۔ بلاشبہ اس معاملے میں مسلمانوں کا مخالفت کرنا جائز ہے۔ مگر ہندوستانی گندی سیاست کو مدنظر رکھتے ہوئے ہندوستانی علماء کرام اور مسلم اکابرین ان باتوں کا خیال رکھیں کہ ملک میں بی جے پی سرکار جو اقلیت دشمن اور ملک دشمن سرکار ہے اور جب سے بی جے پی سرکار نے اقتدار سنبھالا ہے ملک کا مسلسل نقصان ہورہا ہے۔ ہندوستان کو گہرے اندھیرے میں دھکیل کر یہاں کی عوام کو گمراہ کرتے ہوئے اپنے گناہ کو چھپانے میں بی جے پی سرکار مہارت رکھتی ہے۔ گزشتہ مدعوں میں لو جہاد، گئو رکشا، این آرسی، سی اے اے جیسے مدعوں سے ملک کی بھولی بھالی عوام کو گمراہ کرکے اپنی ناکامیوں کو چھپانے کا کامیاب تجربہ کرکے اب بی جے پی سرکار نے وسیم رضوی جیسے نااہل اور ناکارہ غیر مرد کا سہارا لے کر ہندوستانی مسلمانوں اور عوام کو اس مدعے میں الجھا کر اپنی ناکامی چھپانے کی کوشش کر رہی ہے۔ لہٰذا مسلم اکابرین اور علماء کرام اس بات کو مدنظر رکھتے ہوئے وسیم رضوی جیسے مہرے کے خلاف برا بھلا نہ کہتے ہوئے حالات کو سمجھ کر بیان بازی کریں۔ ہونا تو یہ چاہئے کہ وسیم رضوی کی پٹیشن کے خلاف مسلمانوں کو ایک کمیٹی بناکر وسیم رضوی اور ان کے آقاؤں کے خلاف کورٹ میں لڑائی لڑی جائے اور قانونی طریقہ کار کا استعمال کرکے اسے کیفر کردار تک پہنچایا جائے تاکہ کل کوئی نیا وسیم رضوی پیدا نہ ہوسکے۔ موقع کی مناسبت سے مسلم اکابرین اور علماء کرام جذباتی ہوکر وسیم رضوی کے خلاف بیان بازی کرکے اپنا وقت ضائع نہ کریں۔ یاد رہے آپ کی بیان بازی سے وسیم رضوی کو شہرت ملے گی اور یہ شخص مسلم مخالف گروپ کیلئے نایاب تحفہ ثابت ہوگا۔ اس لئے ہندوستانی مسلمان ایسے نامعقول نامرد کے خلاف لب کشائی کرنے سے پہلے بی جے پی سرکار کی نیت کو جانیں پہچانیں پھر کچھ بیان دیں۔ بی جے پی سرکار پوری طرح ناکام ہوچکی ہے۔ ملک میں افراتفری کا ماحول پیدا کرکے اپنی غلطی کو چھپانا ان کا مقصد ہے۔ ملک کے چند حصوں میں لاک ڈاؤن جیسے حالات پیدا کرکے اپنی بدنیتی اور برے کاموں کو بخوبی انجام دینے والی بی جے پی سرکار کی چالوں کو ملک کا مسلمان اچھی طرح جانتا ہے۔ ویسے مسلمانوں کو بس اتنا سمجھ لینا چاہئے کہ قرآن پاک اللہ کی مقدس کتاب ہے اور اللہ اپنی کتاب کی حفاظت کرنا انسانوں سے بہتر جانتا ہے۔ یہ کوئی پہلی مرتبہ قرآن شریف کے خلاف زہر اگلا گیا ہے ایسا نہیں ہے۔ اس سے قبل بھی دنیا کے مختلف ممالک میں قرآن کے خلاف زہر افشانی کی جاچکی ہے، یہاں تک کہ قرآن شریف کو جلایا بھی گیا لیکن قرآن شریف حرف بہ حرف پہلے دن سے آج تک جوں کا توں موجود ہے اور ان شاء اللہ تا قیامت موجود رہے گا، محفوظ رہے گا۔
ليست هناك تعليقات:
إرسال تعليق