سیوک ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر سوسائٹی کی جانب سے 10 جنوری 2021ء غربید مسجد، چونا بھٹی میں ڈاکٹر منظور حسن ایوبی صاحب کی صدارت میں تقسیم انعامات کی ایک عظیم الشان تقریب منعقد کی گئی جس میں شہر عزیز کے تمام مکاتب و مسالک کے علماء و ذمہ داران کو مدعو کیا گیا۔ جمعیت اہل حدیث مالیگاؤں کی طرف سے دکتور طارق مدنی، شیخ ابورضوان محمدی، حافظ جمیل احمد محمدی، حافظ عبدالتواب محمدی اور حافظ عبدالرحمٰن حفظہم اللہ کو مہمانان خصوصی کی حیثیت سے مدعو کیا گیا۔ تقسیم انعامات کی اس عظیم الشان تقریب میں تمام مسالک کے علمائے کرام نے انعقاد کوئز کی اہمیت وضرورت اور موجودہ حالات میں اس طرح کے پروگراموں کی افادیت کے حوالے سے اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ جمعیت اہل حدیث مالیگاؤں کی طرف نمائندگی کرتے ہوئے شیخ ابو رضوان محمدی حفظہ اللہ نے اپنے تاثراتی خطاب کا آغاز صحیح بخاری کی اس مشہور حدیث کو بیان کرتے ہوئے کیا، جس میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے صحابہ کرام رضی اللہ عنہم سے ایک سوال کیا کہ وہ کون سا درخت ہے جس کی مثال مومن کی طرح ہے؟ اس حدیث کی روشنی میں آپ نے بتایا کہ تعلیم و تعلم کا ایک مؤثر طریقہ سوال و جواب ہے جو کہ ہمیں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت طیبہ میں نمایاں طور پر نظر آتا ہے، نیز یہ بھی کہا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم اکثر و بیشتر تربیتی نقطۂ نظر سے صحابۂ کرام سے مختلف مفید و کارآمد سوالات کیا کرتے تھے۔ اسی طرح اپنی گفتگو جاری رکھتے ہوئے سورۃ الحدید کی آیت نمبر 21 کی روشنی میں آپ نے صحابۂ کرام کے مزاج کو بیان کیا اور کہا کہ ہمارے اسلاف اللہ تعالیٰ کی طرف سے ملنے والے سب سے بڑے انعام کے شوق میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے بھی سوالات کیا کرتے تھے اسی قرآن نے انہیں بطورِ نمونہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ جنت کے حصول میں ایک دوسرے سے آگے بڑھنے کی کوشش کرو صحابۂ کرام کی طرح نیکی اور خیر کے کاموں تنافس و مقابلہ آرائی کی عادت اختیار کرو اور ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کی بھرپور کوشش کرو۔ موصوف نے سیوک ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر سوسائٹی کے روحِ رواں جناب ماسٹر سہیل احمد اور ان کے رفقائے کار کو اپنی اور جمعیت اہل حدیث کی طرف سے مبارکباد پیش کی اور ان کے اس مبارک و بامقصد کام کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں اپنے بچوں کو دین کی صحیح تعلیم اور دینی تربیت کے لئے اس طرح کے دینی سوالات پر مشتمل انعامی مقابلے نہایت مفید و مؤثر ہیں۔ اس کو مزید بہتر سے بہتر بناتے ہوئے بڑے پیمانے پر انجام دینے کی کوشش کریں۔ اخیر میں آپ نے اپنی اور جمعیت اہل حدیث کی طرف سے سیوک ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر سوسائٹی کے ذمہ داروں اور دیگر تمام حاضرین کا شکریہ ادا کیا اور دعائیہ کلمات پر اپنے خطاب کا اختتام کیا۔
شعبۂ نشر واشاعت جمعیت اہل حدیث مالیگاؤں
دفتر:مسجد اہل حدیث جعفرنگر، مالیگاؤں
ليست هناك تعليقات:
إرسال تعليق