جمعیت اہلحدیث مالیگاؤں کے زیرِ اہتمام اصلاح معاشرہ پروگرام برائے خواتین کامیابی سے ہمکنار

 جمعیت اہل حدیث مالیگاؤں کی سرپرستی میں *10 جنوری 2021ء بروز اتوار دوپہر تین تا پانچ بجے تک سردار نگر نندی والا کمپاؤنڈ* میں ایک اصلاح معاشرہ پروگرام برائے خواتین کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں شہر عزیز کی معروف شخصیت خلیل احمد فریدی کی صاحبزادی *عالمہ زرینہ تحسین حفظہا اللہ* نے حضرت یوسف علیہ السلام کی سیرت طیبہ کی روشنی میں خواتین سے خطاب کیا اور تقریباً ڈیڑھ گھنٹے کے خطاب میں آپ نے حضرت یوسف علیہ السلام کی آزمائشوں سے بھری زندگی کے سبق آموز پہلوؤں کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ قرآن کریم میں مختلف انبیائے کرام علیھم السلام کے حالات زندگی کو واقعات کی صورت میں ذکر کیے جانے کا مقصد محض ذہنی تفریح اور واقعہ نگاری نہیں ہے بلکہ ہم اپنی زندگی میں آنے والے نشیب وفراز، دُکھ سُکھ اور خوشحالی و بدحالی میں ان واقعات کے تمام پہلوؤں پر غور وفکر کرکے حاصل ہونے والے دروس اسباق کو سمجھیں اور اپنی زندگی میں سدھار پیدا کریں۔ موصوفہ نے اپنی گفتگو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ انبیائے کرام علیھم السلام کی زندگی کے ہر پہلو میں دروس و اسباق کی بہت سی باتیں مضمر ہوتی ہیں ان اسباق کو اختیار کرنا دنیاوی مسائل کے حل کا بہترین ذریعہ ہیں۔ نیز انبیاء و رسل کی آزمائشوں اور طرح طرح کی قربانیوں سے پُر زندگی کو پڑھنے اور  سننے سے ہماری مصیبتوں اور پریشانیوں میں ہمیں ہمت و حوصلہ ملتا ہے اور اللہ کی رضا و خوشنودی کو پانے کے بہت سے راستے معلوم ہوتے ہیں۔اس طرح سے موصوفہ نے حضرت یوسف علیہ السلام کے اعلیٰ اخلاق اور آپ کی قربانیوں کی روشنی میں خواتین کے لئے گھریلو و ازدواجی زندگی کے لئے نہایت مفید و مؤثر باتیں پیش کیں۔
اس دوران مصدقہ ذرائع سے ملی اطلاعات کے مطابق جمعیت اہل حدیث کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے خواتین اسلام نے اپنی گھریلو ذمہ داریوں کے باوجود کثیر تعداد میں پروگرام میں شریک ہوکر اپنی دینی دلچسپی و بیداری کا مظاہرہ کیا اور پر اثر خطاب سے مستفید ہوئیں۔  اسی طرح مصدقہ ذرائع سے ملی اطلاعات کے مطابق خواتین کی تعداد زیادہ ہونے کی وجہ سے کرسیوں کی کمی کی خبریں ملی جو کہ خواتین کی دلچسپی و پروگرام کی کامیابی کی غماز ہیں۔
اس موقع پر ہم اللہ تعالیٰ شکر گذار ہیں کہ اس نے ہمیں دین اسلام کی عظیم نعمت عطا کی اور اس کی تعلیمات کو عام کرنے کی توفیق عطا فرمائی۔ بعدہ موصوفہ کے بھی مشکور ہیں کہ آپ نے جمعیت کی دعوت پر خواتین کے لئے اپنا قیمتی وقت دیا، اللہ تعالیٰ آپ کے علم و عمل میں خوب خوب برکت عطا فرمائے اور دین اسلام اور امت مسلمہ کے حق میں آپ کو نفع بخش بنائے۔ اسی طرح خانوادۀ نندی والا کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ آپ نے سماج اور معاشرے کی ایک اہم روحانی ضرورت کی تکمیل کے لئے پردے وغیرہ کے ساتھ مکمل انتظام و انصرام کیا۔ نیز ہم نوجوانان جعفر نگر اور دیگر معاونین کے بھی مشکور ہیں جنہوں نے اس پروگرام کو کامیاب بنانے کے لئے اپنی ذاتی مصروفیات کو درکنار رکھتے ہوئے تگ و دو اور کوششیں کیں۔ اللہ تعالیٰ ان تمام افراد کو مزید اپنے دین کی خدمت کی توفیق عطا فرمائے اور ان کو کوششوں کو قبول فرمائے اور اس کے بدلے میں انہیں دنیا وآخرت کی کامیابی سے نوازے۔
شعبۂ نشر و اشاعت 
جمعیت اہل حدیث مالیگاؤں 
دفتر : مسجد اہل حدیث جعفر نگر مالیگاؤں

کوئی تبصرے نہیں: