صرف ایک ٹرک میں صرف دس لوگوں کے ساتھ علامتی جلوس نکالا جائےگا ‏

مہاراشٹر حکومت نے عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وسلم کے جلوس کے لئے گائیڈ لائن جاری کی
حکومت مہاراشٹر کے محکمہ داخلہ کے نائب سکریٹری شری رمیش مراری راؤ مناڑے نے مورخہ 23/ اکتوبر بروز جمعہ کو شام 4/ بجکر 59/ منٹ پر آر۔ایل۔پی-1020/پر کر 172/وی شا- 1ب اس نمبر کا جی آر جاری کر دیا ہے ۔ جس میں آنے والی 30/اکتوبر کو عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وسلم کے جلوس کے تعلق سے گائیڈ لائن اور ضروری ہدایات دی گئی ہے۔ مذکورہ جی آر میں کل گیارہ نمبر تک ہدایات دی گئی ہیں۔ پہلے نمبر کی ہدایت میں صاف طور پر درج ہے کہ تمام مذاہبِ کے تمام تہواروں کی طرح عید میلادالنبی بھی گھر پر ہی رہ کر منانا ہے۔ جلوس کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ مگر علامتی طور پر صرف ایک ٹرک میں دس لوگوں کے ساتھ بمبئی کے خلافت ہاؤس سے نکلنے والے جلوس کو اجازت دی جا رہی ہے۔اسی طرح ہدایت نمبر 2/ میں لکھا ہے کہ خلافت ہاؤس میں صرف پانچ لوگوں کو مذہبی تقریر کی اجازت ہوگی۔ اسے بھی سرکار کی نافذ کردہ اصول و ضوابط کے تحت آن لائن، کیبل، فیس بک اور سوشل میڈیا کے ذریعے لوگوں تک پہنچانا ہوگا۔ بھیڑ اکٹھا کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ ہدایت نمبر 5/ کے مطابق اس علامتی جلوس کا درمیان میں کہیں استقبال کرنا ہے تو، پنڈال بنانے کے لئے قانون کے مطابق اجازت لینی ہوگی۔ اور اس پنڈال میں پانچ سے زیادہ لوگ نہیں رہ سکتے۔ نمبر 6/ میں لکھا ہے کہ عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وسلم کے موقع پر اگر کوئی پانی کی سبیل لگانا چاہتے ہیں تو اس کے لئے بھی باقاعدہ اجازت لینی ہوگی اور وہاں بھی پانچ لوگ سے زیادہ نہیں ہو سکتے۔ اور پانی یا شربت بھی بند بوتل میں ہی تقسیم کرنا ہوگا۔ ہدایت نمبر گیارہ میں لکھا ہے کہ دوسرے تمام ضلعوں میں بھی اسی رہنمایانہ خطوط (گائیڈ لائن) کے مطابق پولس انتظامیہ سے پہلے سے اجازت لے کر جلوس عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وسلم علامتی طور پر نکالا جائے۔ ہدایت نمبر 4/ 7/ 8 / 9/ اور 10/ میں کورونا بیماری کے تعلق سے احتیاط اور دفعہ 144/ نافذ ہے، اس طرح کی روایتی باتیں درج ہیں۔ حکومت کا یہ جی آر حکومت مہاراشٹر کے ویب سائٹwww.maharashtra gov.in پر دیکھ سکتے ہیں۔ اس طرح کی معلومات سنی تعزیہ کمیٹی کے سکریٹری جاوید انور نے عوام کی سہولت کے لئے پیش کی ہے۔

کوئی تبصرے نہیں: