فروغ جعفری کا ناول "ڈر کے آگے جیت ہے" جب مجھے ملا تو میں پڑھ نہیں سکا کیونکہ اس سے پہلے میرے دونوں بچوں نے اس ناول کو ختم کیا تب جا کر میرا نمبر لگا ۔
ابتدا میں چھوٹے چھوٹے واقعات سے ناول شروع ہوتا ہے اور پھر چمن لال کی آمد سے ایک سمت میں مستقل سفر کرنا شروع کر دیتا ہے اور یہیں سے ناول میں دلچسپی بڑھتی ہے۔تجسس، تحیر خیزی، سسپنس، اور تھریلر بڑھتا جاتا ہے ۔
بنیادی طور پر یہ ناول نئی نسل کے بچوں کو مدنظر رکھتے ہوئے لکھا گیا ہے اور ان کی نفسیات کا بھر پور خیال بھی رکھا گیا ہے ۔
نئی نسل کے بچے ان کی نفسیات، ان کی ترجیحات، پسند ناپسند کو سمجھنے کی ضرورت جتنی آج ہے اتنی پہلے کبھی نہیں تھی ۔فی زمانہ بچے اسمارٹ فون اور انٹرنیٹ سے جڑے ہوئے ہیں اور انفارمیشن ایک کلک کی دوری پر ہے۔
میں کسی اور کی نہیں اپنی ذاتی رائے رکھوں گا اور اہلِ علم کو اختلاف کی پوری آزادی بھی ہوگی کہ اس نسل کے بچوں کو ہم پریوں دیووں، بھوت پریت اور طلسمات کی دنیا پر مبنی ناول یا کہانی پیش کر کے ان کی دلچسپی حاصل نہیں کر سکتے اور اگر ہم اسی انداز پر مصر ہیں تو شاید ہمیں اس نسل کی نفسیات کا ادراک نہیں۔
آج ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم بچوں کے آس پاس کے ماحول اور چیزوں اور واقعات پر کہانی کی بنیاد رکھیں ان چیزوں پر جن سے آج کا بچہ سب سے زیادہ دلچسپی رکھتا۔آپ سبھی جانتے ہیں کہ وقت بدلنے کے ساتھ ساتھ پسند ناپسند اور دلچسپیاں بھی تبدیل ہوئی ہیں ۔
دو دہائی قبل کا بچہ اس کی پسند ناپسند اور ترجیحات کیا تھیں یہ ہال میں موجود بیشتر لوگ جانتے ہیں لیکن کیا یہ کہا جاسکتا ہے کہ آج کا بچہ بھی انہی چیزوں میں دلچسپی لیتا ہوگا ؟
شاید نہیں...
یا یقیناً نہیں...
میں پھر کہوں گا کہ آپ میری رائے سے اختلاف کر سکتے ہیں لیکن ایک لمحے کے لیے رک کر اس پر غور کرنے کی درخواست بھی کروں گا ۔
بہرکیف آمدم برسرِ مطلب ۔۔۔فروغ صاحب کے اس ناول کو میں نے موجودہ نسل کے ذہن اور ان کی نفسیات کے مطابق پایا ۔ فروغ صاحب نے کرداروں کو ممبئی شہر کا رہائشی ظاہر کر کے ناول میں ایک اور آسانی یہ پیدا کر دی کہ ممبئی شہر اس کی سڑکوں اور جگہوں کو عالمی سطح پر عموماً لوگ جانتے ہیں اس لیے ناول کی فضا اور ماحول بیشتر لوگوں کو اپنا سا لگے گا ۔
پروگرام طویل اور پڑھنے والوں کی تعداد زیادہ ہے اس لیے فروغ صاحب کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے میں اپنی گفتگو یہیں سمیٹتا ہوں ۔
فروغ بھائی کو دلی مبارک باد اور مستقبل کے لیے نیک خواہشات
افضال انصاری
ليست هناك تعليقات:
إرسال تعليق