دارالعلوم سلطانیہ چشتیہ اہل سنت دھولیہ میں عظیم الشان علی لائبریری کا افتتاح عمل میں آیا

دارالعلوم سلطانیہ چشتیہ اہل سنت دھولیہ میں عظیم الشان علی لائبریری کا افتتاح عمل میں آیا
دھولیہ. 
مصروفیت کے اس دور میں کتابوں سے دوری اور علم کی کمی ہماری ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے ۔ کتب خانوں اور لائبریریوں کی اہمیت اور ضرورت ہر دور میں مسلم رہی ہے ۔ کتب بینی سے دنیا جہان کے علوم و فنون سے آشنائی ہوتی ہے اور ترقی کے راستے کھلتے ہیں اہلیان دھولیہ مبارک باد کے مستحق ہیں کہ انھوں نے اس عظیم الشان لائبریری کا قیام عمل میں لانے کی کوشش کی ۔ ان جملوں کا اظہار نبیرۂ شیخ الکبیر پیر طریقت مولانا سید محمد فاروق میاں چشتی مصباحی صاحب ،دیویٰ شریف نے دارالعلوم سلطانیہ چشتیہ اہل سنت، دھولیہ میں علی لائبریری کی افتتاحی تقریب منعقدہ 20 جنوری 2021ء بروز بدھ بعد نمازِ مغرب کیا ۔ موصوف نے دوران گفتگو مزید فرمایا کہ کتابوں سے رشتہ قائم رکھنا اس دور کی سب سے بڑی ضرورت بن گئی ہے ۔ مولائے کائنات باب العلم حضرت علی مرتضیٰ کرم اللّٰہ وجہہ الکریم سے منسوب "علی لائبریری" کی افتتاحی تقریب کا آغاز قاری محمد عمران صاحب کی تلاوت قرآن پاک سے ہوا، بعدہٗ نعت رسول مقبول صلی اللّٰہ تعالیٰ علیہ وسلم پڑھی گئی دور و نزدیک اور شہر و بیرون شہر سے آئے ہوئے مہمانوں کا استقبال کیا گیا ۔ دھولیہ شہر کے مشہور عالم دین مولانا زبیر احمد رضوی صاحب نے کلیدی خطاب کرتے ہوئے مساجد، مدارس، خانقاہوں کے ساتھ ساتھ کتب خانوں کی اہمیت پر روشنی ڈالی ۔ موصوف نے کہا کہ کتابیں انسان کے لیے علم کا عظیم ترین خزینہ ہیں وہ باتیں جو ہم کسی سے پوچھنے میں ہچکچاہٹ محسوس کرتے ہیں ہمیں کتابوں کے مطالعے سے معلوم ہوجاتی ہیں ۔ ہردور اور ہر زمانے میں جب سے مہذب معاشرہ وجود میں آیا کتب خانے بھی وجود میں آئے جب تک ہمارا تعلق اور رشتہ کتب بینی سے قائم رہا ہم مختلف علوم و فنون میں مہارت رکھتے رہے لیکن واے افسوس کہ اب کتب بینی سے دوری نے ہمیں کہیں کا نہیں رکھا ۔ مولانا زبیر احمد رضوی نے دوران تقریر نبیرۂ شیخ الکبیر پیر طریقت مولانا سید محمد فاروق میاں چشتی مصباحی صاحب کی علم و عمل کے فروغ کے سلسلے میں مساعی جمیلہ کو خراج تحسین پیش کیا اور بتایا کہ حضرت کا وجود ہمارے وجود کے بقا کی ضمانت ہے ۔ واضح ہوکہ اس عظیم الشان اور خوب صورت لائبریری کی تعمیر و تزئین دھولیہ شہر کے مخیر قوم و ملت علم دوست الحاج محمد عفان محمد عثمان صاحب کی جانب سے ایک بہترین تحفہ ہے جو ان کے لیے صدقۂ جاریہ ہے ۔ تمام ہی شرکا اور مہمانان نے انھیں اس اہم کارنامے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے انھیں دعاؤں سے نوازا ۔ اس افتتاحی تقریب میں
 الحاج ریاض الدین صاحب (بنارس)، الحاج سلیم سیٹھ قریشی(احمد آباد)، انصاری محمد رضا سر (مالیگاؤں) ،ڈاکٹر مشاہد رضوی (مالیگاؤں) ، ماسٹر خالد چشتی (مالیگاؤں) ، دھولیہ و اطراف و اکناف کے علما و ائمہ و حفاظ اور عمائدین شہر شریک رہے ۔ لائبریری کا افتتاح قرآن خوانی اور نبیرۂ شیخ الکبیر پیر طریقت مولانا سید محمد فاروق میاں چشتی مصباحی صاحب کی دعاؤں سے عمل میں آیا ۔ جملہ حاضرین کے لیے پر تکلف عشائیہ کا اہتمام بھی کیا گیا ۔ صلوۃ و سلام اور دعا پر محفل اختتام پذیر ہوئی ۔

کوئی تبصرے نہیں: